مخدوم جمیل الزماں کی گاؤں کبڑی کھوسہ آمد،رئیس عبدالرحیم کھوسہ کے انتقال پر اہلِ خانہ سے تعزیت

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) سروری جماعت کے روحانی پیشوا حضرت مخدوم جمیل الزماں نگرپارکر کے گاؤں کبڑی کھوسہ پہنچے، جہاں انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے اہم رہنما اور یونین کونسل ہاڑھو کے سابق ناظم رئیس عبدالرحیم کھوسہ کے انتقال پر رئیس عبدالغنی خان کھوسہ، ٹاؤن چیئرمین رئیس محمدالرحیم کھوسہ اور دیگر اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مخدوم جمیل الزماں نے کہا کہ رئیس عبدالرحیم کھوسہ کے خاندان کے ساتھ ان کے دیرینہ اور گہرے تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رئیس کاپڑی خان ان کے مرید اور ان کے لیے ایک اہم اثاثہ تھے، جبکہ اس خاندان نے ہمیشہ ان کا ساتھ دیا ہے۔ مخدوم جمیل الزماں نے کہا کہ رئیس عبدالرحیم کھوسہ کے انتقال پر انہیں انتہائی دکھ اور افسوس ہوا ہے اور وہ مرحوم کی مغفرت کے لیے دعاگو ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا دورۂ نگرپارکر کوئی سیاسی دورہ نہیں، بلکہ وہ صرف رئیس عبدالرحیم کھوسہ کے لیے فاتحہ خوانی کرنے اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ دکھ بانٹنے کے لیے یہاں آئے ہیں۔ اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی قاسم سراج سومرو، سابق ٹاؤن چیئرمین رئیس سردار خان کھوسہ، رئیس امیر خان کھوسہ، پاکستان پیپلز پارٹی تعلقہ کے نائب صدر رئیس صوبدار کھوسہ، رئیس عبدالصمد کھوسہ، ایڈووکیٹ رئیس غلام مصطفیٰ کھوسہ، کریم ڈنو دل، سراج سومرو، نواز سومرو، علی خاصخیلی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔



