حکمران سندھ کے وسائل،زمینوں اور پانی پر قبضے کیلئے نئے صوبوں کا شوشہ چھوڑ رہے ہیں،عوامی تحریک

بدین( رپورٹ مرتضی ميمن/جانو ڈاٹ /پی کے)سندھی ہاری تحریک ضلع بدین کے صدر جیون کمار کولہی، عوامی تحریک تعلقہ ٹنڈو باگو کے جنرل سیکریٹری سریش بھیل اور دیگر نومنتخب عہدیداروں کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، جس میں کارکنوں اور ہاریوں کی جانب سے رہنماؤں کو سندھ کی ثقافتی سوغات اجرک کے تحائف پیش کیے گئے تقریب سے جیون کمار پرشوتم کولہی، سلیمان ہالیپوٹو، مہران درس، سریش بھیل، آچار کولہی، کرشن کولہی اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمران سندھ کے وسائل، جزائر، بندرگاہوں زمینوں اور پانی پر قبضے کے لیے نئے صوبوں کے نام پر سندھ کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جو ایک احمقانہ سوچ ہے انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام اپنے تاریخی وطن کی حفاظت کے لیے متحد ہیں اور سندھ کا بچہ بچہ اپنی دھرتی کے تحفظ کے لیے جدوجہد کرے گا۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی اور معاشی مشکلات کا شکار ہیں، لیکن حکمران عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان کی مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ تیل اور اشیائے خورونوش سمیت دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں میں ہونے والا مصنوعی اضافہ ختم کیا جائے، مہنگائی پر قابو پایا جائے اور حکمران اپنے شاہانہ اخراجات کم کرکے غریب عوام کو باعزت زندگی گزارنے کا حق دیں رہنماؤں نے حکمرانوں کو خبردار کیا کہ وہ دنیا کے مختلف ممالک میں مہنگائی اور عوامی مسائل کے خلاف اٹھنے والی تحریکوں سے سبق سیکھیں اور ہاری مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے دانش مندی سے کام لیں۔



