راولاکوٹ کا بازار چار ماہ بعد علامتی طور پر کھول دیا گیا

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے)آزاد کشمیرمیں احتجاج، دھرنوں اور لاک ڈاؤن سے متاثرہ شہرراولاکوٹ کا بازار چار ماہ کے بعد علامتی طور پر کھول دیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق تاجروں نے اجتماعی طور پراعلان کیاہے کہ اب کسی کے کہنے پر بازار بند کریں گے اور نہ شٹر ڈاوٴن کریں گے۔
راولاکوٹ کے تاجروں نے آج نالہ بازار سے کچہری چوک تک مارچ کیا اور اجتماعی تقریب کا انعقاد کیا گیا،تقریب میں تاجر نمائندوں کا کہناتھاکہ انتظامیہ کا شکریہ جنہوں نے ایس او پیز پر دکانیں کھولنے کی اجازت دی، ہم کسی کمیٹی کسی تحریک کا حصہ نہیں ہیں۔
تاجروں نے کہا کہ ہم اجتماعی طور پر یہ اعلان کرتے ہیں کہ ہم اب پورا ہفتہ دوکانیں کھولیں گے کیونکہ چار مہینے سے ہمارا نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے ہمارے بچے فاقہ کشی کی طرف آچکے ہیں۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ انتظامیہ کے ساتھ ہمارا بھرپور تعاون رہے گا اور جو ایس او پیز انتظامیہ ہمیں دے گی اس پر ہم من و عن عمل کریں گے۔
تقریب کے بعدموجود تاجروں نے علامتی طور پر اپنی دکانوں کے شٹر کھول دیے۔



