پنجاب حکومت کا آذربائیجانی خاتون کا ریپ کیس خود آگے بڑھانے کا اعلان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پنجاب حکومت  نے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بننے والی آذربائیجانی خاتون کی جانب سے ملزم احمد تنویر کو بے قصور قرار دینے کے بعد یہ ریپ کیس خود آگے بڑھانے کا اعلان کر دیا۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے جج کی جانب سے مبینہ طور پر رشوت لینے کی معلومات ہونے کی بھی تصدیق کر دی۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اس کیس میں اغوا اور ڈکیتی کی دفعات بھی شامل ہیں، اسی لیے خاتون کے بیان کے باوجود ملزمان کا چھوٹ جانا ناممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے پاس جو معلومات ہیں اُس کے لیے وہ چیف جسٹس پاکستان کے پاس بھی جانے کو تیار ہیں اور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے ساتھ بھی بیٹھیں گی۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ مریم نواز پنجاب میں غنڈا گردی اور بدمعاشی کا کلچر نہیں چلنے دیں گی،اس کے لیے خصوصی عدالتیں بنانے کی ضرورت ہو یا قوانین بہتر کرنے کی ضرورت ہو، وہ اُس پر کام کرنا چاہتی ہیں ۔

واضح رہے کہ  لاہور میں مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بننے والی آذربائیجان کی خاتون نے ملزم احمد تنویر کو بے قصور قرار دے دیا۔

آذربائیجان کی خاتون ڈیانا نے نئے ویڈیو بیان میں کہا کہ تنویر نے کسی قسم کی زیادتی نہیں کی ، سمجھ نہیں آرہا کہ پولیس نے تنویر کو کس بنیاد پر گرفتار کیا۔

خاتون نے دیگر 2 ملزمان محسن اور عزیر کو بھی معاف کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ معاملہ مزید آگے نہیں بڑھانا چاہتی۔

مزید خبریں

Back to top button