تھانہ آبپارہ کی کایا پلٹ، اپ گریڈیشن مکمل ہونے پر محسن نقوی نے افتتاح کردیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) اسلام آباد کے تھانوں کی حالت بہتر بنانے کے منصوبے کے تحت تھانہ آبپارہ کی اپ گریڈیشن مکمل کرلی گئی، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تعمیر نو کے بعد تھانے کا افتتاح کردیا۔

محسن نقوی نے تھانہ آبپارہ کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا اور ایس ایچ او آفس، ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی (ڈی آر سی)، انکوائری آفس، ویٹنگ ایریا اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے تھانے کے مختلف کاؤنٹرز پر شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور سائلین کے لیے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

محسن نقوی نے ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کے ارکان سے بھی ملاقات کی اور شہریوں کے مسائل کے حل میں کمیٹی کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر انہیں تھانے کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ تھانے کی اپ گریڈیشن کا مقصد عوام کو جدید، باوقار اور عوام دوست پولیسنگ کا ماحول فراہم کرنا ہے۔ سائلین کی داد رسی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور شہری کی درخواست پر ہر صورت کارروائی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ کسی شہری کو ایف آئی آر کے اندراج میں بلاوجہ تاخیر یا مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے، جبکہ تھانوں میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، ذمہ داری اور احترام کا مظاہرہ کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button