ملکی ضرورت پوری کرنے کیلئے ساڑھے 7 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری، ٹی سی پی کا ٹینڈر جاری

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) حکومت نے ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے 7 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی، جس کے بعد ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) نے گندم کی درآمد کے لیے بین الاقوامی ٹینڈر جاری کردیا۔

ٹی سی پی کے ٹینڈر میں درآمد کی جانے والی گندم کے حوالے سے اہم شرائط بھی مقرر کی گئی ہیں۔ ٹینڈر کے مطابق گندم تازہ ترین فصل سے حاصل شدہ ہونی چاہیے، جبکہ عالمی سپلائرز کی جانب سے کم از کم 50 ہزار میٹرک ٹن کی پیشکش ہی قابلِ قبول ہوگی۔

ٹی سی پی کے مطابق گندم کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں پر سی ایف آر (CFR) بنیاد پر درآمد کی جائے گی۔ گندم کی درآمد کے لیے بولیاں 16 ستمبر کو صبح 11 بج کر 30 منٹ تک جمع کرائی جا سکیں گی، جبکہ بولیاں اسی روز دوپہر 12 بجے کھولی جائیں گی۔

حکام کے مطابق درآمد کی جانے والی گندم صوبوں کی طلب اور ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے تقسیم کی جائے گی۔ سندھ کو 3 لاکھ ٹن، پنجاب کو 2 لاکھ 50 ہزار ٹن جبکہ خیبرپختونخوا کو 2 لاکھ ٹن گندم فراہم کی جائے گی۔

اقتصادی سروے 2025-26 کے مطابق پاکستان میں گندم کی سالانہ کھپت تقریباً 3 کروڑ 13 لاکھ ٹن ہے، جبکہ رواں سال گندم کی پیداوار 2 کروڑ 96 لاکھ 10 ہزار ٹن رہی۔ یوں ملکی پیداوار اور سالانہ کھپت کے درمیان نمایاں فرق موجود ہے۔

دوسری جانب جولائی کے پہلے ہفتے تک پاسکو کے پاس 17 لاکھ 83 ہزار ٹن گندم کا ذخیرہ موجود تھا۔

مزید خبریں

Back to top button