بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 11 دہشت گرد ہلاک، 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد برآمد

راولپنڈی (جانوڈاٹ پی کے) بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 11 دہشت گرد ہلاک کردیئے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 6 اور 7 ستمبر کو خاران اور واشک میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں کیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خاران میں دہشت گردوں نے سڑک بلاک کرکے مقامی ٹریفک متاثر کرنے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

دوسری کارروائی ضلع واشک میں کی گئی، جہاں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر کارروائی کے دوران تباہ کردیا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔

کارروائی کے دوران واشک سے 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جو دیسی ساختہ بم بنانے کے لیے استعمال کیا جارہا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ ملک میں غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔

مزید خبریں

Back to top button