حیدرآباد رینج میں ترقیاتی کام،شہید فاضل راہو گولارچی میں ماڈل پولیس اسٹیشن کا افتتاح

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ/پی کے)ڈی آئی جی حیدرآباد رینج اور ڈویژنل کمشنر حیدرآباد کا شہید فاضل راہو گولارچی میں ماڈل پولیس اسٹیشن اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس حیدرآباد رینج طارق رزاق دھاریجو نے شہید فاضل راہو گولارچی میں اہم ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا،جن میں گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول میں قائم جدید کمپیوٹر لیب اور پولیس اسٹیشن شہید فاضل راہو گولارچی کی تزئین آرائش شدہ عمارت شامل ہیں۔

افسران نے گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول شہید فاضل راہو گولارچی میں نئی قائم کی گئی کمپیوٹر لیب کا باقاعدہ افتتاح کیا، جس کا مقصد طالبات کو جدید ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنا اور انہیں عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے بعد ازاں انہوں نے تھانہ شہید فاضل راہو گولارچی کی عمارت کے تزئین و آرائش کے کام کی تکمیل کے بعد اس کا افتتاح کیا اور سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے اسسٹنٹ کمشنر شہید فاضل راہو گولارچی کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ذاتی کاوشوں سے قائم کی گئی ڈیجیٹل لیب نوجوان نسل کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، جس سے طلبہ و طالبات جدید تعلیم سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر سول سوسائٹی اور سرکاری افسران مل کر ایسے اقدامات کریں تو علاقے میں تعلیمی ترقی کو فروغ مل سکتا ہے۔ ڈی آئی جی حیدرآباد رینج طارق رزاق دھاریجو نے اس موقع پر کہا کہ گولارچی کے بعد جلد ہی نندو اور ماتلی پولیس اسٹیشنز کی تزئین و آرائش کے کام مکمل کر کے ان کا بھی افتتاح کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بدین کے تمام تھانوں کو جدید اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جائے گا تاکہ عوام اور پولیس اہلکار دونوں بہتر سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حیدرآباد رینج میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں اور منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی، ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی، اسسٹنٹ کمشنر شہید فاضل راہو گولارچی عاطف شفیق، ڈی ایس پی شہید فاضل راہو گولارچی عبدالرحیم خاصخیلی، ایس ایچ او تھانہ شہید فاضل راہو گولارچی انسپکٹر محمد انور لغاری، پرنسپل گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول سلیمہ خواجہ، مختیارکار دیدار علی نھڑیو، چیئرمین ٹاؤن عبدالسلام آرائیں، مقامی صحافیوں اور دیگر معززین نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button