شاہد آفریدی کی افغان کرکٹر شاپور زدران کیلئے مدد کی پیشکش

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سابق افغان فاسٹ بولر شاپور زدران کی صحت سے متعلق خبر ملنے کے بعد گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے  مدد کی پیشکش کر دی۔

سابق افغان  کرکٹر شاپور زدران کی طبی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق 38 سالہ سابق کرکٹر کو ایک سنگین طبی پیچیدگی کے باعث اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اہلِ خانہ نے بھی سوشل میڈیا پر ان کی صحت کے حوالے سے اپڈیٹس شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔

ایسے میں سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی سابق افغان کرکٹر شاپور زدران کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ہر قسم کی مدد کی پیشکش کی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے لکھا کہ آج شاپور زدران کے بھائی گفتگو ہوئی اور سابق کرکٹر کی حالت کے بارے میں سن کر بے حد افسوس ہوا۔

شاہد آفریدی نے شاپور زدران کیلئے لکھا کہ  ‘آپ میدان میں ہمیشہ ایک فائٹر رہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ آپ اس مشکل سے بھی اسی حوصلے کے ساتھ لڑیں گے۔ آپ کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں’۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ’ پاکستان اور میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں، اگر کسی بھی مدد کی ضرورت ہو تو میں ہمیشہ موجود ہوں’۔

واضح رہے کہ شاپور زدران نے افغانستان کی جانب سے 44 ون ڈے میچز میں 43 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 36 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 37 وکٹیں اپنے نام کیں۔ انہوں نے فرنچائز کرکٹ میں بھی مختصر مگر مؤثر کردار ادا کیا۔

شاپور زدران نے 2025 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button