کول مکونکی کی پاکستان کی مہمان نوازی اور کھانوں کی تعریف، پی ایس ایل کو اعلیٰ معیار کی لیگ قرار دیدیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان سپر لیگ کی ٹیم راولپنڈیز میں شامل نیوزی لینڈ کے کرکٹر کول مکونکی نے پی ایس ایل میں اپنے پہلے تجربے کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نتائج توقعات کے مطابق نہ ہونے کے باوجود وہ اس ایونٹ سے بھرپور لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

جیو نیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کول مکونکی نے کہا کہ پاکستان آنا ہمیشہ خوشی کا باعث ہوتا ہے اور راولپنڈیز ٹیم کے ساتھ کھیلنا ایک اچھا تجربہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم میں کیوی اور پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا ماحول بہت اچھا ہے کیوں کہ وہ ان کھلاڑیوں کے ساتھ بھی کھیل رہے ہیں جن کے خلاف وہ پہلے انٹرنیشنل کرکٹ کھیل چکے ہیں۔

کول مکونکی نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ ٹیم جلد بہتر کارکردگی دکھائے گی اور اگلے میچ میں لاہور کے خلاف اچھی شروعات کرے گی۔

انہوں نے پاکستان کی کنڈیشنز کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کی پچز نیوزی لینڈ کے مقابلے میں مختلف ہیں، تاہم پہلے سے تجربہ ہونے کی وجہ سے انہیں ایڈجسٹ کرنے میں مدد ملی ہے۔

راولپنڈیز کے کھلاڑی نے پاکستان کی مہمان نوازی اور کھانے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہاں ہمیشہ بہترین استقبال ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیرل مچل نے بھی پاکستان سپر لیگ کے بارے میں بہت مثبت رائے دی تھی اور یہاں کے لوگ انتہائی مہمان نواز ہیں۔

کول مکونکی کے مطابق پی ایس ایل ایک اعلیٰ معیار کی لیگ ہے جس میں دنیا بھر کے ٹاپ کھلاڑی شامل ہوتے ہیں اور یہاں کھیلنا ایک اعزاز ہے۔

واضح رہے کہ راولپنڈیز کی ٹیم کو اب تک ایونٹ میں مشکلات کا سامنا رہا ہے اور وہ ایک میچ بھی نہیں جیت سکی تاہم کول مکونکی پر امید ہیں کہ باقی میچز میں ٹیم بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹورنامنٹ کا اختتام اچھے انداز میں کرے گی۔

مزید خبریں

Back to top button