پنجاب میں صنعتی ترقی اور برآمدات کے فروغ کافیصلہ،مزید1500الیکٹرک بسوں کی منظوری،صوبائی کابینہ میں اہم فیصلے

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کابینہ نے صنعتی ترقی اور ایکسپورٹ پروگرام اسکیم کے فیچرز کی منظوری دے دی ہے، جبکہ صوبائی حکومت مقامی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے اور انہیں عالمی منڈیوں میں پاکستانی شناخت کے ساتھ متعارف کرانے پر توجہ دے رہی ہے۔

ڈی جی پی آر لاہور میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں تیار ہونے والی مصنوعات پر ’’میڈ اِن پاکستان‘‘ کی شناخت ہونی چاہیے تاکہ مقامی صنعت کو فروغ ملے اور پاکستانی مصنوعات عالمی منڈیوں میں اپنی جگہ بنا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی اور ایکسپورٹ پروگرام اسکیم کی منظوری صوبے میں صنعتی سرگرمیوں کو وسعت دینے اور برآمدات کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات کا حصہ ہے۔

سوشل میڈیا پر الزامات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کسی کو بھی اپنی مرضی کے الزامات لگانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ بے بنیاد الزامات لگانے والے صحافی کو نوٹس بھیجا جائے گا۔

دوسری جانب صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے کہا کہ پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ ان کے مطابق اس وقت صوبے بھر میں 1100 الیکٹرک بسیں چل رہی ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید 1500 بسوں کی منظوری دے دی ہے۔

بلال اکبر خان کا کہنا تھا کہ نئی بسوں کی منظوری کے بعد صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کے دائرہ کار کو مزید وسعت دی جائے گی اور سال کے اختتام تک پنجاب میں بسوں کی مجموعی تعداد 3 ہزار تک پہنچ جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button