پاکستان میں2035 تک12 ترجیحی شعبوں کی ڈیجیٹلائزیشن کیلئے نیشنل ڈیجیٹل ماسٹر پلان منظور کرلیا گیا،شزا فاطمہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی وزیرِ آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ 2035 تک 12 ترجیحی شعبوں کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے نیشنل ڈیجیٹل ماسٹر پلان منظور کیا گیا ہے، عالمی اداروں کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے لیے مؤثر قانون سازی کرنا ہوگی۔
جنوبی کوریا میں گلوبل اے آئی اینڈ ڈیجیٹل سمٹ کے وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان میں شہریوں کے حقوق اور ڈیٹا کے تحفظ کے لیے شفاف قوانین قائم کیے جا رہے ہیں۔
وزیرِ آئی ٹی کے مطابق اقوام متحدہ کے ای گورنمنٹ انڈیکس میں پاکستان نے 14 درجے نمایاں بہتری حاصل کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں 10 لاکھ غیر آئی ٹی پیشہ ور افراد کو مصنوعی ذہانت کی تربیت دی جائے گی، جبکہ ایک ہزار پی ایچ ڈی اسکالرشپس بھی فراہم کی جائیں گی۔
دوسری جانب وزیرِ آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ کی گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور گوگل کے درمیان حالیہ معاہدوں اور جاری منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔



