سردار امیر بخش بھٹو، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات تاریخ کا اہم اور مثبت سنگِ میل ہے، آصف علی بھٹو

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) سردار امیر بخش بھٹو کے چچازاد بھائی آصف علی بھٹو نے اپنے حالیہ بیان میں سردار امیر بخش خان بھٹو، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ہونے والی ملاقات کو بھرپور سراہتے ہوئے اسے بھٹو خاندان کی تاریخ کا ایک اہم اور مثبت سنگِ میل قرار دیا ہے، انہوں نے کہا کہ وہ بطور کزن اس ملاقات کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور اسے خاندان کے اندر ہم آہنگی اور اتحاد کی جانب ایک مضبوط قدم سمجھتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ بھٹو خاندان کی وراثت ہمیشہ اتحاد، طاقت اور عوامی خدمت کے جذبے سے عبارت رہی ہے اور خاندانی رشتوں کو مضبوط کرنا نہ صرف معاشرتی بلکہ دینی لحاظ سے بھی انتہائی اہمیت رکھتا ہے.
آصف علی بھٹو کے مطابق اس ملاقات میں سردار امیر بخش خان بھٹو، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے جس بالغ نظری، دانشمندی اور دور اندیشی کا مظاہرہ کیا وہ قابل تحسین ہے، انہوں نے کہا کہ یہ مشترکہ قیادت نہ صرف خاندانی ہم آہنگی کو فروغ دے گی بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی ایک مضبوط بنیاد فراہم کرے گی، انہوں نے مزید بتایا کہ اس پیش رفت کو بھٹو خاندان کے افراد نے نہایت گرمجوشی اور امید کے ساتھ خوش آمدید کہا ہے اور پورا خاندان اتحاد کے اس پیغام کے ساتھ کھڑا ہے.
اپنے بیان کے اختتام پر آصف علی بھٹو نے مبصرین، حامیوں اور عوام سے اپیل کی کہ اس معاملے کو سیاسی رنگ دینے سے گریز کیا جائے کیونکہ یہ خالصتاً ایک خاندانی معاملہ ہے، جس کی بنیاد خیر سگالی، باہمی احترام اور باہمی اعتماد پر ہے.



