ڈیپلو کے قریب گاؤں میں آگ، 7 محنت کشوں کے گھر جل کر خاکستر

تھرپارکر(رپورٹ : میندھرو کاجھروی، نمائندہ جانوڈاٹ پی کے) ضلع تھرپارکر کی یوسی جھرمریو کے گاؤں کونئرلیو موکھا میں پاڑھا برادری کے گھروں کو اچانک آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں 7 محنت کشوں کے 17 چونئرے، 6 لانڈھیاں، 4 چھپرے اور گھروں میں موجود بستر، کپڑے، کھانے پینے کا سامان، 200 من اناج، بچیوں کا جہیز اور زیورات جل کر خاکستر ہوگئے۔

آگ سے متاثرہ افراد میں بابو ولد ولی محمد، اسلم ولد ولی محمد، ممتاز ولد ولی محمد، فیض محمود ولد واحد بخش، میر محمد ولد واحد بخش، عبداللہ حق ولد خیرو اور حلیم ولد لکھانو کے گھر مکمل طور پر جل گئے۔

کھلے آسمان تلے بیٹھے متاثرین کو رات دیر گئے خیمے اور کھانے پینے کا کچھ سامان فراہم کیا گیا، تاہم یہ ناکافی تھا۔

متاثرین کی عید کی تمام خوشیاں غم میں تبدیل ہوگئیں۔ گھروں کے مکمل جلنے کے بعد ڈیپلو ٹاؤن کمیٹی کی فائر بریگیڈ بھی موقع پر پہنچ گئی، جس نے مزید گاؤں کو جلنے سے بچا لیا۔

دوسری جانب علاقے کی سیاسی و سماجی شخصیات نے سندھ حکومت اور تھرپارکر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرین کی مکمل مدد کی جائے۔

مزید خبریں

Back to top button