بدین میں گریڈ ایک سے چار کی بھرتیوں میں مبینہ بے ضابطگیاں،7 امیدوار عدالت پہنچ گئے

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/ جانو ڈاٹ / پی کے)گریڈ ایک سے چار کی بھرتیوں میں مبینہ بے ضابطگیاں، 7 متاثرہ امیدوار سندھ ہائیکورٹ پہنچ گئے۔ضلع بدین میں گریڈ ایک سے چار کی بھرتیوں کے معاملے میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف 7 متاثرہ امیدواروں نے سندھ ہائیکورٹ حیدرآباد سرکٹ بینچ سے رجوع کرلیا۔ متاثرہ امیدواروں کی جانب سے ایڈووکیٹ سپریم کورٹ محمد اشرف سموں نے آئینی درخواست دائر کی، جس میں سیکریٹری صحت سندھ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ، ڈپٹی کمشنر بدین اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر بدین کو فریق بنایا گیا ہے۔آئینی درخواست میں امیدواروں کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انہیں محکمہ صحت بدین کی جانب سے 27 جون 2026 کو آفر لیٹرز جاری کیے گئے، جبکہ میڈیکل فٹنس، پولیس ویریفکیشن سمیت بھرتی کے تمام مراحل مکمل کرائے گئے اور مطلوبہ دستاویزات بھی جمع کرائی گئیں۔ درخواست گزاروں کے مطابق تمام مراحل مکمل ہونے اور آفر لیٹرز موصول ہونے کے باوجود انہیں جوائننگ اور پوسٹنگ آرڈرز جاری نہیں کیے گئے۔درخواست میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ امیدواروں نے جوائننگ کے لیے 30 جون سے 3 جولائی تک ڈی ایچ او بدین کے دفتر سے رجوع کیا، تاہم انہیں جوائننگ نہیں دی گئی، جس کے بعد امیدواروں نے معاملے پر ڈپٹی کمشنر بدین سے بھی رجوع کیا۔ درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ محکمہ صحت سندھ کو انہیں جوائننگ اور پوسٹنگ آرڈرز جاری کرنے کے احکامات دیے جائیں۔ ضلع بدین میں گریڈ ایک سے چار کی مختلف آسامیوں پر بھرتیوں کے دوران مبینہ جعلی تقرری آرڈرز جاری کیے جانے کا معاملہ بھی سامنے آچکا ہے۔ متاثرہ امیدواروں کے مطابق بعض امیدواروں کو آفر اور تقرری آرڈرز جاری کیے گئے، میڈیکل اور پولیس ویریفکیشن سمیت بھرتی کا عمل مکمل ہوا اور بعض امیدواروں نے جوائننگ بھی دی، تاہم بعد میں ان آرڈرز کو مبینہ طور پر جعلی قرار دے کر تقرریاں منسوخ کردی گئیں۔دستیاب دستاویزات کے مطابق محکمہ تعلیم پرائمری کے 211، سیکنڈری کے 145 اور محکمہ صحت کے 17، مجموعی طور پر 373 تقرری آرڈرز منسوخ کیے گئے۔ اسی بھرتی عمل سے متعلق ڈسٹرکٹ سلیکشن کمیٹی کے تین مختلف ریکارڈ سامنے آنے پر بھی سوالات اٹھے ہیں۔دوسری جانب سات متاثرہ امیدواروں کی جانب سے دائر آئینی درخواست پر سندھ ہائیکورٹ حیدرآباد سرکٹ بینچ نے ڈی ایچ او بدین کو متعلقہ ریکارڈ سمیت 17 ستمبر 2026 کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button