کراچی میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام، ٹی ٹی پی کے 2 اہم دہشتگرد گرفتار

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سی ٹی ڈی سندھ نے وفاقی سول حساس ادارے کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج ٹی ٹی پی کے دو اہم دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی کے مفتی سعد گروپ سے ہے، گرفتار دہشت گردوں کی شناخت عمر فاروق اور عبداللہ کے نام سے ہوئی، کارروائی کے دوران گرفتار دہشت گردوں سے 2 ہینڈ گرنیڈ برآمد ہوئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد کمانڈر کی ہدایت پر افغانستان سے کراچی پہنچے تھے، دہشت گردوں کو کراچی میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے مختلف ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔
گرفتار دہشت گرد رینجرز اور پولیس کے اہم مقامات اور افسران کی ریکی کر رہے تھے، دہشت گرد ریکی سے حاصل معلومات اپنے کمانڈر کو فراہم کر رہے تھے۔
ترجمان کے مطابق برآمد ہینڈ گرنیڈ کمانڈر کی ہدایت پر دوسرے ساتھی کے حوالے کیے جانے تھے، ہینڈ گرنیڈ اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کرنے کا منصوبہ تھا۔
گرفتار دہشت گردوں کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی آپریشن کراچی میں 2 مقدمات درج کر لیے گئے، دونوں ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی اور ایکسپلوسو سبسٹنس ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
گرفتار دہشت گردوں سے مزید تفتیش جاری ہے، دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں، مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔



