مرحوم سوامی کے ہولوگرام سے مودی کی گفتگو پر بھارتی میڈیا اور سیاسی رہنماؤں کی شدید تنقید

نئی دہلی(جانوڈاٹ پی کے)بھارت کے وزیرِاعظم نریندر مودی کی 33 سال قبل وفات پانے والے روحانی پیشوا سوامی چنمیانند کے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ہولوگرام سے گفتگو کو سوشل میڈیا پر نیا تماشہ قرار دیا جا رہا ہے۔
بی بی سی اردو کے مطابق نئی دہلی میں چنمیا امرت مہوتسو عالمی کانفرنس کے افتتاح کے موقع پر مودی نے فوت شدہ سوامی کے ہولوگرام سے اپنے مستقبل کے منصوبوں کے لیے آشیرباد مانگا۔ جواب میں ڈیجیٹل کردار نے کہا کہ بھارت مودی کے ساتھ ہے۔
بھارتی ویب سائٹ دی وائر کے مدیر سدھارتھ وردراجن نے اس مکالمے کو فرضی قرار دیتے ہوئے تنقید کی کہ میڈیا اسے ایسے پیش کر رہا ہے جیسے مودی نے واقعی وفات پا چکے سوامی سے بات کی ہو۔
کانگریس سے وابستہ رہنما سرینواس بی وی نے بھی سوال اٹھایا کہ مصنوعی ذہانت کو سائنسی اور سماجی ترقی کے بجائے مودی کی تعریف کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ہولوگرام کسی مرحوم سے رابطے کی ایک ڈیجیٹل کوشش ہوتی ہے۔ اسے یہ دستیاب تصاویر، آوازوں اور ریکارڈنگز کی مدد سے اس شخص کی ڈیجیٹل نقل بناتا ہے اور سافٹ ویئر کے ذریعے جوابات تیار کرتا ہے۔
یاد رہے کہ سوامی چنمیانند 3 اگست 1993 کو امریکی شہر سان ڈیاگو میں وفات پا گئے تھے۔ مودی کا دعویٰ ہے کہ ان کی ملاقات سوامی سے اسی سال ہوئی تھی تاہم اس ملاقات کے مقام اور تاریخ سے متعلق مختلف بیانات سامنے آئے ہیں۔



