چین میں منشیات کیس، 12 سال بعد سزا یافتہ پاکستانی کی رہائی کا حکم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) اسلام آباد ہائیکورٹ نے چین میں منشیات کیس میں گرفتار سزا یافتہ مجرم سید جلال حیدر کی رہائی کی درخواست منظور کرتے ہوئے اسے آج ہی رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے کیس کی سماعت کی، جبکہ درخواست گزار کی جانب سے وکیل حسنین حیدر تھہیم نے دلائل دیے۔ وکیل کے مطابق سید جلال حیدر کو چین میں 350 گرام ہیروئن کی برآمدگی پر گرفتار کیا گیا تھا اور وہاں اسے 15 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پاکستان اور چین کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے تحت جلال حیدر کو پاکستان منتقل کیا گیا، جہاں پاکستانی قانون کے مطابق وہ اپنی سزا پوری کر چکا ہے۔ ان کے مطابق مجرم کو پاکستانی جیل میں 12 سال ہو چکے ہیں، جبکہ قانون کے تحت 10 سال کی سزا بنتی تھی، یوں وہ دو سال اضافی قید بھی کاٹ چکا ہے۔
اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ مجرم کو ریلیف دینے سے پاک چین تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں۔ جسٹس خادم حسین سومرو نے استفسار کیا کہ مجرم کو جیل میں کتنا عرصہ ہو چکا ہے، جس پر وکیل نے 12 سال قید مکمل ہونے سے آگاہ کیا۔
عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے سید جلال حیدر کو فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت میں موجود مجرم کی والدہ سے جسٹس خادم سومرو نے کہا کہ ’’آپ کا بیٹا آج ہی رہا ہو جائے گا۔‘‘ بیٹے کی رہائی کا حکم سنتے ہی والدہ اور بہن آبدیدہ ہوگئیں۔



