لاہور میں خون کی ہولی!9ماہ میں215افراد قتل،اقدامِ قتل کے388مقدمات نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)لاہور میں قتل و غارت گری کی وارداتوں کے اعداد و شمار نے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کردیا، رواں سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران شہر میں قتل کے 215 اور اقدامِ قتل کے 388 مقدمات درج کیے گئے، پولیس ریکارڈ کے مطابق کینٹ ڈویژن قتل اور اقدامِ قتل دونوں کی وارداتوں میں سرفہرست رہا۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق کینٹ ڈویژن میں قتل کے 52 مقدمات درج ہوئے، جبکہ ماڈل ٹاؤن میں 48 اور صدر ڈویژن میں 45 قتل کے واقعات رپورٹ کیے گئے۔ سٹی اور اقبال ٹاؤن ڈویژنز میں بھی قتل کے 30، 30 مقدمات درج ہوئے، جبکہ سول لائنز ڈویژن میں قتل کے 10 واقعات رپورٹ کیے گئے۔
اقدامِ قتل کی وارداتوں میں بھی کینٹ ڈویژن سب سے آگے رہا، جہاں 106 مقدمات درج کیے گئے۔ صدر اور ماڈل ٹاؤن ڈویژنز میں 70، 70 جبکہ سٹی ڈویژن میں 68 اور اقبال ٹاؤن میں 52 مقدمات سامنے آئے۔ سول لائنز ڈویژن میں بھی اقدامِ قتل کے 22 مقدمات درج ہوئے۔



