محفوظ پاکستان کی جانب بڑا قدم، قومی کریمنل ڈیٹا بینک میں ہر فرد کو منفرد شناختی نمبر دینے کا منصوبہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزارت داخلہ نے شہریوں کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام کے لیے جدید قومی شناخت اور ڈیٹا بیس نظام متعارف کرانے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔

منصوبے کے تحت UNCI کے ذریعے قومی کریمنل ڈیٹا بینک میں شامل ہر فرد کو منفرد قومی کریمنل شناختی نمبر دیا جائے گا۔ UNCI کو نادرا کے شناختی ریکارڈ سے منسلک کرکے ایک فرد سے متعلق مختلف شہروں اور صوبوں کا ریکارڈ ایک ہی شناخت کے تحت لانے کا منصوبہ ہے۔

اس نظام کے ذریعے ملک کے کسی بھی حصے میں مطلوب فرد کی فوری شناخت اور متعلقہ ریکارڈ تک پولیس و تحقیقاتی اداروں کی رسائی آسان بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ نادرا پہلے ہی قومی شناختی نظام کو ڈیجیٹل اور مربوط بنانے کے لیے نئے QR کوڈ پر مبنی شناختی کارڈ مرحلہ وار متعارف کرا رہا ہے۔

منصوبے کے مطابق مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا اینالیٹکس کی مدد سے جرائم کے رجحانات، مشتبہ روابط اور منظم جرائم پیشہ نیٹ ورکس کی نشاندہی میں تفتیش کاروں کو معاونت فراہم کی جائے گی۔

قومی سطح پر مربوط ڈیٹا نظام کے ذریعے مختلف اداروں کے درمیان معلومات کے بروقت تبادلے، جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button