ایرانی حملوں کی 51 ویں لہر، آبنائے ہرمز امریکا اور اس کے اتحادیوں کے علاوہ سب کیلئے کھلی ہے، ایران

تہران، واشنگٹن، ریاض (ویب ڈیسک) ایرانی پاسداران انقلاب نے آپریشن وعدہ صادق کے تحت حملوں کی نئی لہر کا آغاز کردیا، خلیجی ممالک میں امریکی تنصیبات اور اسرائیل کو نشانہ بنایا، ٹرمپ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے تیل لینے والے ممالک خود سکیورٹی یقینی بنائیں، امریکیوں کو مشرقِ وسطیٰ سے نکلنے کی فوری ہدایت کر دی گئی، اسرائیل انٹرسیپٹر میزائل کی کمی کا شکار، برطانیہ مدد بھیجنے کے لیے تیار ہو گیا۔

ایرانی پاسداران انقلاب نے آپریشن وعدہ صادق کے تحت حملوں کی نئی لہر کا آغاز کردیا، پاسداران انقلاب کے مطابق سعودی عرب الخرج میں امریکی فوجی اڈے پر میزائلوں سے حملہ کیا جہاں ایف 35 اور ایف 16لڑاکا طیاروں کے تربیتی مراکز کونشانہ بنایا، پاسداران انقلاب نے بتایا کہ 51 واں حملہ شہید ابو القاسم بابائیان اور ان کی زوجہ کی یاد میں کیا گیا۔

فجیرہ پورٹ پر آگ لگ گئی

ایران نے متحدہ عرب امارات کی فجیرہ پورٹ پر ڈرون حملہ کیا ہے، جس کے بعد متاثرہ مقام پر تیز آگ بھڑک گئی، حملے کے بعد فجیرہ پورٹ پر کچھ آئل لوڈنگ آپریشنز معطل ہوگئے، متاثرہ مقام پر خوف ناک آگ لگ گئی اور علاقہ دھواں دھواں ہوگیا۔

اماراتی حکام کے مطابق فضائی دفاع نے نو بیلسٹک میزائل اور تینتیس ڈرون تباہ کردیے۔

تل ابیب میں 20 دھماکے

اسرائیل پر بھی ایران کے جوابی حملے جاری ہیں، تل ابیب میں بیس دھماکے ہوئے، جن سے متعدد مقامات پر آگ لگ گئی۔

ایرانی افواج نے امریکا کو خطے سے اپنی صنعتیں منتقل کرنے کی وارننگ دی ہے اور کہا کہ جن فیکٹریوں میں امریکی شیئرز ہیں وہ ان سے دور رہیں۔

ایرانی افواج نے دبئی کی جبل علی پورٹ، ابوظبی کی خلیفہ پورٹ اور فجیرہ پورٹ کے قریب رہائشیوں کو امریکی اڈوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

برطانیہ کا مشرقِ وسطیٰ میں ہزاروں انٹرسیپٹر ڈرون بھیجنے پر غور

برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیرِ اعظم سر کیئر اسٹارمر مشرقِ وسطیٰ میں ہزاروں انٹرسیپٹر ڈرون بھیجنے پر غور کر رہے ہیں۔

فوجی حکام اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آکٹوپس نامی انٹرسیپٹر اینٹی ڈرون سسٹم کو مشرقِ وسطیٰ میں ایران کیخلاف استعمال کیا جا سکتا ہے یا نہیں، یہ انٹرسیپٹر برطانیہ میں تیار کیا جاتا ہے اور پہلے ہی یوکرین کو روس کے خلاف دفاع کے لیے فراہم کیا جا چکا ہے۔

امریکا آبنائے ہرمز کیلئے  بھیک مانگنے پر مجبور ہو گیا: عباس عراقچی

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا کو طعنہ دیا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز کی حفاظت کے لیے چین سے بھیک مانگنے پر مجبور ہوچکا ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز امریکا اور اس کے اتحادیوں کے علاوہ سب کیلئے کھلی ہے، خطے میں امریکی سکیورٹی کی چھتری میں بہت سے سوراخ ہوچکے ہیں اور وہ مشکلات سے بچانے کے بجائے مشکلات کو دعوت دینے کا سبب بن رہی ہے۔

عباس عراقچی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی افواج نے جمعے کو ہمارے خارگ جزیرے پر حملے دبئی اور راس الخیمہ کے قریب سے ہیمرز میزائل سسٹم سے کیے تھے،ایران ان حملوں کا جواب دے گا لیکن اس بات کا خیال رکھے گا کہ شہری آبادی کو نقصان نہ پہنچے۔

ایران کی شرائط مناسب نہیں: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران ڈیل کرنا چاہتا ہے لیکن وہ اس وقت ایسا کرنے کے لیے تیار نہیں کیوں کہ شرائط ابھی اتنی مناسب نہیں ہیں، آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کے لیے کئی ممالک نے مدد کا وعدہ کیا ہے، آبنائے ہرمز سے تیل لینے ممالک راستے کی سکیورٹی یقینی بنائیں،

ٹرمپ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ امریکہ نے تیل برآمدات کے لیے اہم ایرانی جزیرے خارگ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے لیکن مزا لینے کے لیے شاید ہم اسے چند بار اور نشانہ بنائیں۔

مجتبیٰ خامنہ ای کی موت کی خبروں کو افواہ قرار دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ میں سن رہا ہوں کہ وہ زندہ نہیں ہیں اور اگر وہ زندہ ہیں تو اپنے ملک کی خاطر سمجھداری سے کام لیتے ہوئے انھیں ہتھیار ڈال دینے چاہئیں۔

مزید خبریں

Back to top button