اسلام آباد پر دوبارہ چڑھائی ہوئی تو سختی سے روکیں گے، طلال چوہدری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد پر دوبارہ چڑھائی کی گئی تو اسے اس انداز میں روکا جائے گا کہ آئندہ کوئی آنے کا سوچے گا بھی نہیں۔

ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ حکومتی وسائل یا طاقت کی بنیاد پر کسی شہر پر حملہ نہیں کیا جا سکتا، اسلام آباد پر حملہ آئین اور حلف کی خلاف ورزی کے زمرے میں آئے گا، جبکہ ہائیکورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والا توہین عدالت کا مرتکب ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی اسٹریٹ پاور کا اندازہ لاہور اور وزیرآباد کی گلیوں سے لگایا جا چکا ہے، جبکہ پارٹی کی احتجاجی سیاست کی تاریخ 26 نومبر اور 9 مئی کے واقعات سے جڑی ہوئی ہے۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کے بعد احتجاج یا چڑھائی سے گریز کرنا لازم ہے، صوبے کی طاقت کو وفاق کے خلاف استعمال نہیں کیا جا سکتا۔

طلال چوہدری نے کہا کہ جب بھی حالات معمول پر آنے لگتے ہیں تو اس طرح کی سرگرمیاں شروع ہوجاتی ہیں، تاہم یہ خیال درست نہیں کہ ایسی کارروائیوں سے بانی پی ٹی آئی کو کوئی فائدہ ہوگا۔ جیل میں ملاقات جیل رولز کے مطابق ہی ہو سکتی ہے، سڑکیں بند کرنے یا احتجاج کرنے سے جیل میں ملاقات کا راستہ نہیں نکلے گا۔

انہوں نے گزشتہ احتجاج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس دوران سکیورٹی اہلکاروں کو مارا، کچلا اور گولیوں سے زخمی کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے صوبائی صدر کی جانب سے اسلام آباد کو سومنات بنانے کی بات کی گئی، جبکہ سومنات جیسے حالات لاشیں گرانے اور توڑ پھوڑ سے ہی پیدا ہوں گے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ نے مزید کہا کہ آئین میں گورنر راج کا آپشن موجود ہے، تاہم وفاقی حکومت ایک سیاسی حکومت ہے اور وہ کوئی بھی قدم جلد بازی میں نہیں اٹھانا چاہتی۔ سیاسی لوگوں کو معاملات حل کرنے کا موقع دیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button