وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیٹی زکریا کو عہدہ سنبھالنے کے صرف 5 روز بعد برطرف کر دیا گیا

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس پریس سیکرٹری کیٹی زکریا کو عہدہ سنبھالنے کے ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں برطرف کر دیا گیا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق وائٹ ہاؤس کے 2 الگ الگ عہدیداروں کے مطابق کیٹی زکریا کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اور وہ پریس سیکرٹری کی ذمہ داریوں سے الگ ہو رہی ہیں۔
کیٹی زکریا نے پیر کو عہدہ سنبھالا تھا اور منگل کو وائٹ ہاؤس میں اپنی پہلی نیوز بریفنگ دی تھی۔
تاہم عہدہ سنبھالتے ہی کیٹی زکریا کو اپنی قانونی قابلیت سے متعلق سوالات اور نیوز بریفنگز و انٹرویوز میں اپنی کارکردگی پر تنقید کا سامنا تھا۔
اس معاملے کا آغاز اس وقت ہوا جب وائٹ ہاؤس میں اپنی پہلی ہی پریس بریفنگ کے دوران کیٹی زکریا کو بار بار اٹکنے اور سوالات کے غیر تسلی بخش جوابات دینے پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
اس دوران جب ایک صحافی نے ان سے پوچھا کہ انہوں نے امریکا کی کس ریاست سے بار کا امتحان پاس کیا ہے، تو انہوں نے جواب دیا، ’جب میں چین منتقل ہوئی تھی۔
تاہم امریکی میڈیا کی جانب سے کی گئی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ 2011 میں پیپرڈائن یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد کیٹی زکریا کا نام امریکا کی تمام 50 ریاستوں یا ڈسٹرکٹ آف کولمبیا میں سے کسی بھی بار ایسوسی ایشن کے ریکارڈ میں بطورِ وکیل درج نہیں ہے۔
تنقید میں اضافے کے بعد کیٹی زکریا نے اعتراف کیا کہ وہ پہلی کوشش میں بار کا امتحان پاس نہیں کر سکی تھیں اور انہوں نے دوسری بار یہ امتحان دیا ہی نہیں۔
علاوہ ازیں کیٹی زکریا اپنی پہلی ہی پریس بریفنگ میں اپنے شوہر کو غلطی سے ’’میرے صدر‘‘ کہہ گئیں۔
تنازع کے بعد صدر ٹرمپ نے جمعے کو صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے زکریا کو عہدے پر برقرار رہنے کے فیصلے پر دوبارہ غور کرنے کا مشورہ دیا تھا، کیونکہ ابتدائی دنوں میں انہیں میڈیا کی سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
وائٹ ہاؤس اور کیٹی زکریا کی جانب سے فی الحال اس حوالے سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔



