نوشکی میں انسداد پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر فائرنگ، 2 پولیس اہلکار شہید

کوئٹہ (جانوڈاٹ پی کے) بلوچستان کے ضلع نوشکی میں انسداد پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ حملہ آور سرکاری اسلحہ لے کر فرار ہوگئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق نوشکی کے علاقے کلی جمال آباد میں انسداد پولیو ٹیم کی حفاظت پر تعینات پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں محمد یاسر اور عبدالروف شہید ہوگئے۔

پولیس کے مطابق شہید اہلکاروں کی لاشیں ٹیچنگ ہسپتال نوشکی منتقل کردی گئی ہیں۔ حملہ آور فائرنگ کے بعد دونوں اہلکاروں کا سرکاری اسلحہ بھی ساتھ لے گئے اور فرار ہوگئے۔

واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں محمد یاسر اور عبدالروف کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے والی ٹیم پر حملہ ناقابل معافی فعل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں کو قانون کے مطابق کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔

دوسری جانب بلوچستان حکومت کے معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے کہا کہ انسداد پولیو ٹیم پر حملہ بلوچستان کے بچوں کے مستقبل پر حملہ ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ فتنہ الہندوستان بلوچستان کے امن اور بچوں کے محفوظ مستقبل کا دشمن ہے۔ بابر یوسفزئی کے مطابق دہشت گرد عناصر بلوچستان میں امن، ترقی اور بیماریوں کے خاتمے کی کوششوں کو متاثر کرنا چاہتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button