ایف بی آر گودام سے 25 کروڑ روپے کے سگریٹس غائب، ایف آئی اے کا مقدمہ درج

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) ایف بی آر کے گوداموں سے 25 کروڑ روپے مالیت کے سگریٹس غائب ہونے کے معاملے پر ایف آئی اے نے مقدمہ درج کرلیا، جبکہ 5 ایف بی آر اہلکاروں اور نجی کمپنی کے 3 عہدیداروں سمیت 8 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ مقدمہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد سفیر احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
ایف آئی آر میں ایف بی آر کے انسپکٹرز کامران اور نوید، ڈرائیور، سکیورٹی گارڈ، نائب قاصد جبکہ نجی کمپنی کے 2 ڈائریکٹرز اور منیجر کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن کے مطابق فروری 2024 میں صوابی میں سگریٹس کے ایک ہزار 262 کارٹن پکڑے گئے تھے، جنہیں ایف بی آر کے مردان ویئر ہاؤس منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں انسپکٹرز کامران اور نوید نے ایک ہزار 202 کارٹن مردان سے صوابی منتقل کیے، تاہم صوابی گودام پہنچنے پر ٹرکوں سے 908 کارٹن غائب پائے گئے۔
ایف آئی آر کے مطابق انسپکشن کے دوران مجموعی طور پر 2 ہزار 828 کارٹن سگریٹس غائب پائے گئے۔ مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ سگریٹس کی مبینہ چوری میں ایف بی آر کے انسپکٹرز اور دیگر عملہ براہ راست ملوث تھا اور مبینہ ملی بھگت سے قومی خزانے کو 25 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔
ایف آئی آر کے متن میں مزید الزام عائد کیا گیا ہے کہ گوداموں میں جان بوجھ کر لاگ بکس تیار نہیں کی گئیں اور سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب نہیں کیے گئے۔
مقدمے کے مطابق 908 کارٹن سگریٹس غائب ہونے کے باوجود ایف بی آر کی جانب سے نہ تو بروقت کارروائی کی گئی اور نہ ہی پولیس کو واقعے کی اطلاع دی گئی۔
ایف آئی اے نے واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کردی ہیں۔



