سندھ میں چینی سرمایہ کاری کے نئے مواقع، مراد علی شاہ کی شنگھائی الیکٹرک کو تعاون بڑھانے کی دعوت

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شنگھائی الیکٹرک گروپ کے اعلیٰ حکام سے ملاقات میں قابلِ تجدید توانائی، بجلی کے بنیادی ڈھانچے، پانی کی فراہمی اور ماحولیاتی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے شنگھائی الیکٹرک کو صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے اور تعاون کو وسعت دینے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سندھ میں شمسی اور ہوائی توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت صاف توانائی کے منصوبوں میں چینی سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ مہارت کا خیرمقدم کرے گی۔ صوبائی حکومت چاہتی ہے کہ چین کی تکنیکی صلاحیتوں اور سرمایہ کاری کو سندھ کے قدرتی وسائل سے مربوط کرکے ترقی کے نئے راستے کھولے جائیں۔

ملاقات کے دوران شنگھائی الیکٹرک کے وفد نے کمپنی کے کاروباری شعبوں اور بین الاقوامی منصوبوں کے بارے میں وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی۔ وفد کے مطابق کمپنی بجلی کی پیداوار، قابلِ تجدید توانائی، ماحولیاتی تحفظ، صنعتی آلات، بجلی کی ترسیل و تقسیم اور انجینئرنگ خدمات کے شعبوں میں کام کرتی ہے۔ کمپنی کو شمسی، ہوائی، ہائیڈروجن اور توانائی ذخیرہ کرنے والی ٹیکنالوجیز میں بھی مہارت حاصل ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے شنگھائی الیکٹرک کی سمندری پانی کو قابلِ استعمال بنانے کی ڈی سیلینیشن ٹیکنالوجی میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی۔ وفد نے بتایا کہ چین کے صوبے ہیبئی میں کمپنی کا ایک بڑا ہائبرڈ ڈی سیلینیشن منصوبہ قائم ہے، جس میں ریورس اوسموسس نظام روزانہ 75 ہزار ٹن جبکہ ایم ای ڈی پلانٹ روزانہ 25 ہزار ٹن پانی صاف کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ کے ساحلی شہروں اور پانی کی قلت کا سامنا کرنے والے دیگر علاقوں میں ڈی سیلینیشن ٹیکنالوجی اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ ان کے مطابق سندھ کی طویل ساحلی پٹی پانی کے متبادل ذرائع پیدا کرنے کے لیے وسیع مواقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے چینی کمپنی کو صوبے میں جدید ڈی سیلینیشن منصوبے متعارف کرانے کی دعوت بھی دی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ صوبے میں شمسی اور ہوائی توانائی کی نمایاں صلاحیت موجود ہے، جبکہ جدید توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام اور بجلی کی ترسیل و تقسیم کے بہتر نیٹ ورک سے توانائی کے شعبے کو مزید مؤثر بنایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔ صنعتی ترقی کے لیے قابلِ اعتماد بجلی اور پانی کی فراہمی بنیادی اہمیت رکھتی ہے، اسی لیے صوبائی حکومت نئی صنعتوں کے قیام اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔

سید مراد علی شاہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ شنگھائی الیکٹرک اور سندھ حکومت کے درمیان قابلِ تجدید توانائی، پانی کی فراہمی، ڈی سیلینیشن اور ماحولیاتی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں عملی تعاون کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت سندھ میں منصوبے شروع کرنے کے خواہش مند چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔

مزید خبریں

Back to top button