لاہور ہائیکورٹ: ایم ڈی کیٹ 2026 کے تمام کوڈز کے پرچے ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کا حکم

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ نے میڈیکل کے طلبہ و طالبات کے حق میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے ایم ڈی کیٹ 2026 کے تمام کوڈز کے سوالیہ پرچے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) کی ویب سائٹ پر فوری اپ لوڈ کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس سید احسن رضا کاظمی نے ریان شاہد ملک کی درخواست پر 11 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔ رٹ پٹیشن نمبر 3516/2026، ریان شاہد ملک بنام وفاق، منظور کرلی گئی۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ایم ڈی کیٹ 2026 کے تمام کوڈز کے سوالیہ پرچے داخلوں کا عمل مکمل ہونے تک عوام کے لیے ویب سائٹ پر دستیاب رکھے جائیں گے۔ عدالت نے داخلہ پراسیس مکمل ہونے کے بعد امیدواروں سے متعلقہ پالیسی کے تحت اعتراضات طلب کرنے کا بھی حکم دیا۔
فیصلے میں قرار دیا گیا کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے 10 ستمبر کے مراسلے کے بعد سوالیہ پرچے واپس لینے کے لیے کوئی مناسب جواز پیش نہیں کیا گیا۔ امیدواروں کو سوالیہ پرچوں کی ہارڈ کاپی اور ویب سائٹ، دونوں ذرائع سے محروم رکھا گیا، جس سے اعتراضات اٹھانے کا عمل مشکل ہوگیا۔
عدالت نے نشاندہی کی کہ 180 سوالات کو صرف یادداشت کی بنیاد پر دوبارہ یاد کرکے ان پر اعتراضات اٹھانا عملی طور پر دشوار ہے۔ فیصلے کے مطابق اعتراضات اور ری چیکنگ کا طریقہ کار بظاہر موجود ہے، تاہم موجودہ صورت حال میں یہ عملاً غیر مؤثر ہو چکا ہے۔
سماعت کے دوران یو ایچ ایس کے وکیل نے اعتراف کیا کہ گائیڈ میں امیدواروں کو سوالیہ پرچہ ساتھ لے جانے کی اجازت دی گئی تھی، تاہم بعد میں اس اجازت میں تبدیلی کے حوالے سے کوئی ترمیمی مراسلہ جاری نہیں کیا گیا۔
عدالت نے ابتدائی اعتراض مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ امتحانی معاملات بھی عدالتی نظرثانی سے بالاتر نہیں ہیں۔ تاہم فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس کا اطلاق صرف پنجاب کے ایم ڈی کیٹ 2026 کے امتحان تک محدود ہوگا اور اسے آئندہ امتحانات کے لیے عمومی پالیسی نہیں سمجھا جائے گا۔
فیصلے میں رجسٹرار یو ایچ ایس کے عدالتی حکم کے باوجود پیش نہ ہونے پر بھی ناراضی کا اظہار کیا گیا، تاہم ان کے خلاف کوئی سزا نہیں سنائی گئی۔



