پی ٹی آئی نے دہشت گردوں کے لیے نرم گوشہ رکھ کر حکومت گنوائی، شرجیل میمن

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے کبھی اقتدار کا لالچ نہیں کیا، ہم مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں اور قومی سلامتی و شہداء کی قربانیوں کو سیاسی مفادات پر ترجیح دیتے ہیں۔
ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر اپنے بیان میں شرجیل میمن نے پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی نے دہشت گردوں کے لیے نرم گوشہ رکھ کر اپنی حکومت گنوائی۔ ان کا کہنا تھا کہ معصوم شہریوں کا خون بہتا رہا اور سیکیورٹی فورسز کے جوان شہید ہوتے رہے، جبکہ بانی پی ٹی آئی دہشت گردوں کے دفاتر کھلوانے کی باتیں کرتے رہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں جاری سیاسی بحران کا ذمہ دار کسی دوسرے کو ٹھہرانے کے بجائے پی ٹی آئی کو اپنے فیصلوں کا جائزہ لینا چاہیے۔ ان کے مطابق عوام کی خدمت کرنے کے بجائے صوبے کو محاذ آرائی کی سیاست کا یرغمال بنایا گیا، جس کے نتائج اب سامنے آ رہے ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ اصولوں کی سیاست اور جمہوریت کے استحکام پر یقین رکھتی ہے۔ ان کے بقول پیپلز پارٹی نے کبھی اقتدار کے حصول کو ترجیح نہیں دی، ورنہ وہ وفاقی وزارتیں لے کر حکومت کا حصہ بن سکتی تھی۔
انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیانات پر بھی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام خود دہشت گردی کا نشانہ بنتی رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مولانا فضل الرحمان دہشت گردی کے خلاف واضح اور دوٹوک مؤقف اختیار کریں گے اور شہداء و متاثرین کے اہلِ خانہ سے یکجہتی کا اظہار کریں گے۔
سندھ کے سینئر وزیر نے پاک فوج کے جوانوں کو قوم کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج ملکی سلامتی کے لیے مسلسل قربانیاں دے رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی اور شہداء کی قربانیوں کو کسی صورت سیاسی مفادات پر ترجیح نہیں دی جانی چاہیے۔ انہوں نے ملک کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا۔



