جنید اکبر کے مبینہ متنازع بیان پر توہین عدالت کی درخواست دائر

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر کے مبینہ متنازع بیان کا معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گیا، اسلام آباد کے تاجر وقاص احمد نے وکیل اختر چھینہ کے توسط سے جنید اکبر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ جنید اکبر نے اپنے بیان کے ذریعے عوام کو اسلام آباد آنے پر مبینہ طور پر اکسایا اور اشتعال دلایا، جو اسلام آباد ہائیکورٹ کے 14 ستمبر کے فیصلے کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ جنید اکبر کا بیان عدالتی حکم کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، لہٰذا عدالت ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کرے۔

درخواست گزار نے اپنے مؤقف کی تائید میں سپریم کورٹ کے اس فیصلے کا حوالہ بھی دیا ہے جس میں سابق سینیٹر نہال ہاشمی کو توہین عدالت کے مقدمے میں ایک ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ جنید اکبر کے مبینہ بیان کا جائزہ لیتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

مزید خبریں

Back to top button