وفاقی حکومت نے گورنر خیبرپختونخوا کی تبدیلی کا امکان مسترد کردیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا کے گورنر کی تبدیلی کا امکان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ کا کوئی سیاسی مقصد نہیں، بلکہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اور پائیدار امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے حوالے سے کوئی سیاسی مقاصد نہیں ہیں، حکومت صوبے میں امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
طارق فضل چودھری کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے متاثرہ 12 اضلاع کو دہشت گردوں سے مکمل طور پر کلیئر کیا جائے گا۔ دہشت گردی پر قابو پانے کے بعد صوبے کا نظم و نسق صوبائی حکومت کے حوالے کر دیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت کا بنیادی مقصد خیبرپختونخوا میں امن قائم کرنا اور عوام کو دہشت گردی کے خطرات سے نجات دلانا ہے۔
وزیر پارلیمانی امور نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی ہے۔ اگر اپوزیشن بامقصد بات چیت کرنا چاہتی ہے تو حکومت اس کا خیرمقدم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی مسائل کے حل اور قومی معاملات پر پیش رفت کے لیے سنجیدہ مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جا سکتا ہے۔



