استنبول میں سیلاب سے جانی نقصان پر وزیراعظم شہباز شریف کا اظہار افسوس، ترکیہ کی مدد کی پیشکش

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے شہر استنبول میں شدید سیلاب کے باعث قیمتی جانوں کے ضیاع اور تباہی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ استنبول میں شدید سیلاب کے باعث ہونے والے جانی نقصان اور تباہی پر انہیں دلی افسوس ہے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے دعا کی کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد جلد صحت یاب ہوں اور لاپتہ افراد کو بحفاظت تلاش کر لیا جائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں ترکیہ کے برادر عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور متاثرین کی مدد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے۔
پاکستان کی جانب سے اس اظہارِ یکجہتی کو دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دینے کے عزم کی عکاسی قرار دیا جا رہا ہے۔



