ایران سے معاہدے میں تمام فریقوں کے خدشات دور کرنا ضروری ہے، قطر

دوحہ(ویب ڈیسک) قطر نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ کسی بھی معاہدے میں تمام فریقوں کے خدشات دور کرنا ضروری ہے، جبکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے نئے سکیورٹی نظام کی ضرورت ہے۔
قطری وزارت خارجہ کے مطابق دوحہ میں قائم امریکی فوجی اڈہ ایران پر حملوں کے لیے استعمال نہیں ہوا۔ وزارت خارجہ نے خلیجی ممالک کو نشانہ بنانے کے ایرانی اقدام کو غلط حکمت عملی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے نقصان دہ ہیں۔
بیان میں سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی بھی مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ ان حملوں کا کوئی جواز نہیں ہے۔
قطری وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ خلیجی ممالک کے درمیان ہر سطح پر رابطے جاری ہیں، جبکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے سفارتی کوششیں اہم ہیں۔
قطر نے اس مؤقف کا اظہار ایسے وقت میں کیا ہے جب خطے میں سکیورٹی خدشات اور ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے کے حوالے سے سفارتی مشاورت جاری ہے۔



