گورنر پنجاب نے اپنی کرسی پر استاد کو بٹھا دیا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اپنی استاد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں اپنی کرسی پر بٹھا دیا اور کہا کہ ان کی زندگی اور شخصیت کی تعمیر میں ان کی استانی کا اہم کردار ہے۔
اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اپنی استاد سے متعلق جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف ان کی ٹیچر نہیں بلکہ ان کی ماں بھی ہیں۔ وہ محض 4 سال کی عمر میں ان کے پاس گئے تھے اور بورڈنگ اسکول جانے تک انہوں نے ان کی پرورش کی اور پانچویں جماعت تک تعلیم دی۔
سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ ان کی استاد نے انہیں اپنے بچوں کی طرح پالا اور آج وہ جو کچھ بھی ہیں، اس کی بنیاد ان کی استانی نے ہی رکھی تھی۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ ان کی شخصیت کی تعمیر میں ان کی میڈم، جو ان کے لیے ماں کا درجہ رکھتی ہیں، کا بہت بڑا اور اہم کردار ہے۔ ان کی محبت، تربیت اور رہنمائی نے انہیں زندگی میں آگے بڑھنے میں مدد دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنی استاد کو گورنر کی کرسی پر بٹھانا ان کے لیے احترام اور عقیدت کے اظہار کا ایک طریقہ ہے، کیونکہ وہ اپنی کامیابیوں میں ان کی محنت اور تربیت کو بنیادی اہمیت دیتے ہیں۔
گورنر پنجاب کا اپنی استاد کو اپنی کرسی پیش کرنے کا یہ عمل استاد کے احترام، شکرگزاری اور شاگرد کی زندگی میں استاد کے ناقابلِ فراموش کردار کی خوبصورت مثال ہے۔



