لانگ مارچ اکتوبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی، احتجاج جاری رہے گا، حافظ نعیم الرحمان

ملتان (جانوڈاٹ پی کے) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی درخواست پر لانگ مارچ اکتوبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردیا گیا ہے تاہم احتجاج اور دھرنے جاری رہیں گے۔

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے بنیادی مسائل پر بات کر رہی ہے، پٹرول کی قیمتوں اور ٹیکسوں کے ذریعے حکومت اپنی کرپشن چھپا رہی ہے، جبکہ ملک کے 42 شہروں میں دھرنے جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو پٹرولیم لیوی ختم کرنے کے حوالے سے تحریری طور پر مطالبہ کیا گیا تاہم جواب نفی میں ملا۔ حکومت سے کئی ملاقاتیں ہوچکی ہیں، کراچی سے روہڑی اور روہڑی سے ملتان تک ٹرین مارچ بھی کیا گیا، عوامی مسائل کے لیے جماعت اسلامی ڈٹ کر کھڑی ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے باعث ملک میں صورتحال خراب ہے، حکومت کی جانب سے پیش کیا جانے والا ریلیف پیکیج عوام کے لیے ہونا چاہیے، جبکہ موجودہ اقدامات سے ان کی تحریک ختم نہیں ہوگی۔

حافظ نعیم الرحمان نے الزام عائد کیا کہ حکومت عوام سے پٹرولیم لیوی کی مد میں بھتہ وصول کر رہی ہے۔ ان کے مطابق وزیراعظم نے لانگ مارچ ملتوی کرنے کی درخواست کی، جس پر مارچ اکتوبر کے پہلے ہفتے تک مؤخر کیا گیا ہے، تاہم احتجاج سے دستبرداری نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کارکنان کا جذبہ واضح ہے اور دھرنے جاری رہیں گے۔ حکومت حالات کے حوالے سے جو بھی مؤقف اختیار کرے، جماعت اسلامی اپنی تحریک جاری رکھے گی۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ حکومت سے تحریری یقین دہانی لی جائے گی، جبکہ موجودہ صورتحال کی ذمہ داری بھی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ ان کے بقول جماعت اسلامی کا ایجنڈا فساد یا جھگڑا نہیں بلکہ عوام کو ریلیف دلانا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وزیراعظم جلد وطن واپس آئیں، ان سے ملاقات کرکے معاملات پر بات کی جائے گی۔ اگر حکومت نے عوام کو ریلیف دیا تو صورتحال مختلف ہوگی، بصورت دیگر لانگ مارچ دوبارہ آگے بڑھایا جائے گا۔

حافظ نعیم الرحمان کے مطابق ملتان میں جماعت اسلامی کا پڑاؤ جاری ہے، حکومت کی جانب سے ریلیف نہ ملنے کی صورت میں لانگ مارچ آگے بڑھایا جائے گا، حکومت سے مذاکرات بھی ہوں گے تاہم لانگ مارچ سے دستبرداری نہیں کی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button