اسرائیلی جاسوسی سیریز ’تہران‘ کی پروڈیوسر ڈانا ایڈن کی لاش ہوٹل سے برآمد

ایتھنز(جانوڈاٹ پی کے)اسرائیلی جاسوسی تھرلر سیریز ’تہران‘ کی پروڈیوسر ڈانا ایڈن کی یونان کے شہر ایتھنز کے ایک ہوٹل کے کمرے سے لاش برآمد ہوئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاسوسی سیریز ’تہران‘ کی تخلیق کار کے بارے میں یونانی پولیس نے بتایا کہ انہوں نے اتوار کے روز زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی ہٹ ٹی وی سیریز کی شریک تخلیق کار یونانی شہر ایتھنز کے ایک ہوٹل کے کمرے میں مردہ پائی گئیں جہاں اس جاسوسی تھرلر کے چوتھے سیزن کی شوٹنگ جاری تھی۔
پولیس حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہلاکت کے بارے میں مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، تاہم ابھی تحقیقات مکمل ہونے میں وقت درکار ہے۔
پولیس کے مطابق 50 سالہ اسرائیلی خاتون کی شناخت ڈانا ایڈن کے نام سے ہوئی ہے جس کو اس کے رشتہ دار کافی بار فون کال کرنے کی کوشش میں ناکام ہوئے تھے اور اس تک کال نہیں پہنچ سکی تھی۔
ایڈن کی لاش سے متعلق خبر ان کے بھائی کے ذریعے ملی، اور ابتدائی طور پر موت کو خودکشی قرار دیا گیا ہے۔
دوسری جانب، اسرائیلی میڈیا میں یونانی پولیس کی ایران سے ممکنہ تعلق کی تحقیقات کی خبروں کے بعد پروڈکشن کمپنی نے واضح کیا کہ یہ کوئی مجرمانہ موت نہیں اور گردش کرنے والی افواہوں میں صداقت نہیں ہے۔



