تھرپارکر:سائنس کی تعلیم اعتماد، خودمختاری اور مستقبل میں بہتر مواقع فراہم کرتی ہے، سائنس کے عالمی دن موقع پر طالبات کا اظہارخیال

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی)مٹھی کے گاؤں مالنہوڑ ویڻا ہائی اسکول میں خواتین اور لڑکیوں کے سائنس سے متعلق عالمی دن کے موقع پر تھر ایجوکیشن الائنس اور ملالہ فنڈ کے تعاون سے ایک آگاہی و تعلیمی تقریب منعقد کی گئی، جس میں طالبات اور اساتذہ نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران طالبات نے سائنسی تعلیم کی اہمیت پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ سائنس کی تعلیم نہ صرف ان کی سوچ کو وسیع بناتی ہے بلکہ انہیں اعتماد، خودمختاری اور مستقبل میں بہتر مواقع بھی فراہم کرتی ہے۔
طالبات کا کہنا تھا کہ جب دور دراز علاقوں کی لڑکیوں کو تعلیمی سہولیات، حوصلہ افزائی اور رہنمائی ملتی ہے تو وہ ہر شعبے میں آگے بڑھ سکتی ہیں۔
اساتذہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھر ایجوکیشن الائنس دور دراز علاقوں کی لڑکیوں کو سائنس، تحقیق اور جدید تعلیم کی جانب راغب کرنے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج تھر کی طالبات اسکول لیبارٹریز سے لے کر صوبائی سطح کی سائنسی نمائشوں تک نہ صرف شرکت کر رہی ہیں بلکہ اعتماد کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی کر رہی ہیں۔
تقریب میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ لڑکیوں کو تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کر کے ہی ایک باشعور، ترقی یافتہ اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔
اس موقع پر طالبات نے سائنسی لیب میں مختلف سائنسی ماڈلز کے بارے میں بھی گفتگو کی۔



