ٹھٹھہ میں بجلی کی لٹکتی تاریں 7 مزدوروں کی جان لے گئیں، ایک ہی گاؤں سے 7 جنازے اٹھ گئے

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے) حیسکو انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث پیر جو گوٹھ کے قریب ٹریکٹر ٹرالی پر بجلی کی لٹکتی تار گرنے سے جاں بحق ہونے والے 7 مزدوروں کو سپردِ خاک کردیا گیا، ایک ہی گاؤں سے 7 جنازے اٹھنے پر علاقے میں کہرام اور سوگ کی فضا چھا گئی۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں دو خواتین سمیت 7 افراد شامل ہیں، جن کا تعلق گاؤں حاجی عیسیٰ پنہور سے تھا۔ جاں بحق افراد الہٰ ڈنو، سکندر، حنیف، مختیار، فہمیدہ اور نازیہ سمیت دیگر کی نمازِ جنازہ ادا کرنے کے بعد تدفین کردی گئی۔

اجتماعی نمازِ جنازہ میں صوبائی وزیر ریاض شاہ شیرازی، قوم پرست رہنما نواز شاہ بھاڈائی، سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عبدالواحد سومرو سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات اور بڑی تعداد میں مقامی افراد نے شرکت کی۔

حادثے میں زخمی ہونے والے 19 مزدوروں کی حالت میں بہتری آ رہی ہے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق میر بحر برادری سے تعلق رکھنے والے مزدور پیر جو گوٹھ کے قریب ساریوں کا لابارہ کرنے کے بعد اناج اور پلال ٹریکٹر ٹرالی پر لاد کر اپنے گاؤں واپس جا رہے تھے کہ حفاظتی بند کے قریب لٹکتی ہوئی بجلی کی تار ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں خوفناک حادثہ پیش آیا۔

حادثے کا شکار ہونے والے افراد کا تعلق میر بحر برادری سے ہے جو لابارہ کرکے اپنے خاندانوں کا پیٹ پالنے پر مجبور ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button