پنگریو میں منشیات کے خلاف عوامی بغاوت، شٹر بند ہڑتال

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن / جانو ڈاٹ پی کے)جسقم پنگریو یونٹ کی جانب سے گزشتہ دس روز سے پنگریو اور گردونواح میں منشیات کے بڑھتے ہوئے کاروبار کے خلاف پُرامن احتجاج جاری ہے، تاہم پولیس کی جانب سے منشیات کے خاتمے، کاروبار بند کرانے اور منشیات فروشوں کی گرفتاری کے لیے کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
صورتحال کے پیشِ نظر جسقم کی جانب سے بدھ کے روز پنگریو شہر میں مکمل شٹر بند ہڑتال کی کال دی گئی، جس پر شہریوں اور تاجروں نے منشیات کے خلاف تحریک سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے تمام کاروبار بند رکھے۔
عینی شاہدین کے مطابق پنگریو پولیس نے زبردستی ہڑتال ختم کروانے کی کوشش کی اور منشیات کے خلاف احتجاج کرنے والے نوجوانوں کو گرفتار کرنے کے لیے کارروائی کی، جس کے باعث نوجوان پنگریو پریس کلب میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے، جہاں پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔
اس موقع پر جسقم کے رہنماؤں ارشد چانڈیو، محبوب جو نیجو اور شبیر حجام نے پولیس کے اس اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ منشیات کے کاروبار کے مکمل خاتمے اور منشیات فروشوں کی گرفتاری تک تحریک جاری رہے گی۔



