روس اور یوکرین کی جنگ سے انشورنس کی عالمی منڈی میں بھونچال آ رہا ہے،ڈاکٹر مرتضیٰ مغل

کراچی (آن لائن) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین کی جنگ سے انشورنس کی عالمی منڈی میں بھونچال آ رہا ہے اوربڑی کثیر القومی انشورنس کمپنیوں کے حصص کی قیمت گر رہی ہے۔ پاکستانی کمپنیاں بھی اس سے متاثر ہونگی کیونکہ وہ ری انشورنس کے لئے مغربی ممالک میں بڑی انشورنس کمپنیوں پر انحصار کرتی ہیں۔ ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ جنگ میں بڑے پیمانے پر نقصانات ہو رہے ہیں چار سو سے زیادہ مغربی کمپنیاں روس چھوڑ چکی ہیں جبکہ روس مغربی کمپنیوں کے اثاثے ضبط کرنے پر غور کر رہا ہے۔ ان حالات میں کرونا وائرس کی وجہ سے بھاری نقصانات اٹھانے والی مغربی انشورنس کمپنیوں کو اربوں ڈالر کے کلیم ادا کرنا پڑ یں گے جو انکے بس میں نہیں ہو گا جس سے کئی بڑی کمپنیاں دیوالیہ بھی ہو سکتی ہیں۔بیمہ شدہ پانہ کے جہازوں، ہوائی جہازوں، عمارتوں اور اناج کے ذخائر کے بارے میں پریشانی بڑھ رہی ہے جبکہ سب سے زیادہ نقصان ایوی ایشن انشورنس سیکٹر میں متوقع ہے کیونکہ دیگر ممالک کے سینکڑوں ہوئی جہاز روس میں پھنسے ہوئے ہیں۔میرین انشورنس کا کاروبار کرنے والی کمپنیوں نے روس اور یوکرین کے آس پاس سمندروں کو ہائی رسک ایریا قرار دے کر وہاں جانے والے جہازوں کو وارننگ جاری کر دی ہے۔ اس وقت انشورنس کمپنیاں اپنی پالیسیوں میں بنیادی تبدیلیاں لا رہی ہیں،قلیل المعیار معاہدوں کو منسوخ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، نئے معاہدے نہیں کئے جا رہے ہیں اور اگر کچھ معاہدے کئے بھی جا رہے ہیں تو اس پر رسک کی وجہ سے بہت زیادہ پریمیم لیا جا رہا ہے جس سے کاروباری لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ڈاکٹر مغل نے کہا کہ ماہرین کے خیال میں انشورنس اندسٹری کے لئے موجود بحران کے نقصانات 9/11 کے نقصانات سے تجاوز کر جائیں گے اور عدالتوں میں مقدمات کا انبار لگ جائے گا



