مولانا طارق جمیل کی عمران خان سے منسوب ویڈیو کی تردید، وضاحتی بیان جاری

مولانا کا کہنا تھا کہ ایسا عمل نہ صرف غلط ہے بلکہ دیانت داری کے تقاضوں کے بھی منافی ہے۔

لاہور (ویب ڈیسک): عالمی شہرت یافتہ اسلامی اسکالر مولانا طارق جمیل نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے عمران خان کی حمایت پر مبنی تقریر کی سختی سے تردید کردی ہے۔

مولانا طارق جمیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں واضح کیا کہ ان کی ملائیشیا کی ایک مسجد میں کی گئی تقریر کو پرانی آڈیو کے ساتھ منسلک کرکے سوشل میڈیا پر گمراہ کن انداز میں شیئر کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ویڈیو میں تالیاں شامل کر کے اور سیاسی مفہوم پیدا کر کے اس کے اصل پیغام کو مسخ کر دیا گیا ہے۔

مولانا کا کہنا تھا کہ ایسا عمل نہ صرف غلط ہے بلکہ دیانت داری کے تقاضوں کے بھی منافی ہے۔

مولانا طارق جمیل نے اپنے بیان کے ساتھ ایک ویڈیو لنک بھی شیئر کیا، جس میں ملائشیا میں ان کے مترجم کا بیان موجود ہے۔ مترجم نے واضح کیا کہ مولانا نے اپنی تقریر میں عمران خان کا ذکر تک نہیں کیا۔ مترجم کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو جھوٹ اور فتنہ پر مبنی ہے، اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر گزشتہ روز مولانا طارق جمیل کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں انہیں عمران خان کی حمایت میں بولتے دکھایا گیا تھا۔ ویڈیو میں یہ تاثر دیا جا رہا تھا کہ مولانا عمران خان کو بہترین لیڈر قرار دے رہے ہیں اور ان کے لیے عوام سے دعاؤں کی اپیل کر رہے ہیں۔

مولانا طارق جمیل نے اس ویڈیو کو من گھڑت اور سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا مواد قرار دیتے ہوئے کہا کہ دین کے نام پر جھوٹ اور فتنہ پھیلانا گناہ کبیرہ ہے، اور عوام کو ایسے مواد سے گریز کرنا چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button