کراچی اسکواش چیمپئن شپ، مصر نے دونوں ٹائٹل جیت لیے

کراچی انٹرنیشنل اسکواش میں مصری کھلاڑیوں کا راج، کریم الحمامے اور راون العرابی نے ٹائٹل جیت لیے

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)کراچی کے کریک کلب میں منعقدہ 82 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم والی انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ میں مصر کے کھلاڑیوں نے اپ سیٹ فتوحات حاصل کرتے ہوئے مینز اور ویمنز ایونٹس کے ٹائٹل اپنے نام کرلیے۔

مینز سنگلز فائنل میں سیکنڈ سیڈ مصر کے کریم الحمامے نے ٹاپ سیڈ انگلینڈ کے کرٹس ملک کو 0-3 سے شکست دے دی۔ عالمی نمبر 49 کریم الحمامے انجری کے باوجود 48 منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں چھائے رہے اور 6-11، 10-12 اور 3-11 سے کامیابی حاصل کرکے ٹرافی جیت لی۔ کرٹس ملک عالمی درجہ بندی میں 25ویں نمبر پر ہیں۔

ویمنز ایونٹ میں مصر کی راون العرابی نے ہم وطن سیکنڈ سیڈ امینہ الریحانے کو 0-3 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ عالمی نمبر 47 راون نے پہلا گیم 6-11، دوسرا 8-11 اور تیسرا 5-11 سے جیت کر اپ سیٹ کامیابی حاصل کی۔

ویمنز ایونٹ کی انعامی رقم 41 ہزار ڈالرز تھی۔ راون العرابی نے ٹرافی کے ساتھ 5 ہزار 425 ڈالرز کی انعامی رقم بھی حاصل کی۔

چیمپئن شپ کی فائنل اور اختتامی تقریب میں سندھ کے وزیر محنت سعید غنی مہمان خصوصی جبکہ ڈی ایچ اے بکھرا کے ایڈمنسٹریٹر بریگیڈیئر امیر نواز خان مہمان اعزازی تھے۔ اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان سمیت دیگر شخصیات بھی تقریب میں شریک ہوئیں، جہاں مہمان خصوصی نے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

مزید خبریں

Back to top button