ٹرمپ کا نیتن یاہو کی انتخابی مہم کی حمایت کا اعلان، دوبارہ وزیراعظم منتخب کرانے کی اپیل

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی انتخابات میں اپنے اتحادی اور موجودہ وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی کھل کر حمایت کرتے ہوئے اسرائیلی عوام سے انہیں دوبارہ وزیراعظم منتخب کرنے کی اپیل کردی۔

صدر ٹرمپ نے نیتن یاہو کو ’’عظیم جنگجو وزیراعظم‘‘ اور امن کا شراکت دار قرار دیتے ہوئے ان کی تعریف کی۔ انہوں نے ایران کے خلاف جنگ میں امریکا کا ساتھ دینے پر بھی اسرائیلی وزیراعظم کو سراہا۔

اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بی بی نیتن یاہو نے سخت مخالفت، حتیٰ کہ اسرائیل کے اندر سے ہونے والی مخالفت کے باوجود مضبوطی اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔

امریکی صدر نے اسرائیلی عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے واضح کیا کہ ان کے پیغام کو نیتن یاہو کے دوبارہ وزیراعظم منتخب ہونے کے لیے مکمل اور بھرپور حمایت سمجھا جائے۔ ٹرمپ کے اس بیان کو اسرائیلی انتخابات سے قبل نیتن یاہو کے حق میں اہم سیاسی حمایت قرار دیا جا رہا ہے۔

تاہم خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واضح نہیں کہ ٹرمپ کی حمایت سے نیتن یاہو اور ان کی دائیں بازو کی جماعت لیکوڈ کو 27 اکتوبر کے قومی انتخابات میں کتنا فائدہ پہنچے گا۔

رپورٹ کے مطابق ایران کے معاملے پر امریکا اور اسرائیل کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات کے باعث اسرائیل میں ٹرمپ کی مقبولیت اور عوامی حمایت میں کمی آئی ہے۔ ایسے میں امریکی صدر کی جانب سے نیتن یاہو کی حمایت اسرائیلی انتخابی سیاست میں اہمیت اختیار کرگئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button