میسی کے ہاتھوں میں اٹھائی گئی ورلڈکپ ٹرافی نیلامی کیلئے پیش،7نومبر کو بولی لگے گی

بیونس آئرس (جانو ڈاٹ پی کے) ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کے ہاتھوں میں اٹھائی گئی فیفا ورلڈکپ 2022 کی یادگار ریپلیکا ٹرافی نیلامی کے لیے پیش کی جائے گی، جس کی نیلامی 7 نومبر 2026 کو رچمنڈ آکشنز کے زیر اہتمام ہونے والی پہلی اسپورٹس میموریبیلیا نیلامی میں ہوگی۔
یہ وہی ریپلیکا ٹرافی ہے جسے قطر میں ورلڈکپ جیتنے کے بعد ارجنٹینا کے کھلاڑیوں نے جشن کے دوران اٹھایا تھا۔ بعد ازاں اسے بیونس آئرس کے نیشنل ہسٹوریکل میوزیم میں بھی نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔
اس یادگار کی خاص بات یہ ہے کہ اس پر ارجنٹینا کی ٹیم کے آٹھ کھلاڑیوں کے دستخط موجود ہیں۔ نیلامی میں آن لائن بولی دینے والے افراد کو بھی اسے حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
واضح رہے کہ 18 دسمبر 2022 کو قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈکپ فائنل میں ارجنٹینا نے فرانس کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 2-4 سے شکست دی تھی۔ مقررہ اور اضافی وقت کے اختتام پر مقابلہ 3-3 سے برابر رہا تھا۔ لیونل میسی نے دو جبکہ فرانس کے کائیلیان ایمباپے نے تین گول کیے تھے۔
میسی کی ورلڈکپ ٹرافی اٹھائے تصویر سوشل میڈیا پر بھی غیر معمولی مقبول ہوئی تھی، جسے انسٹاگرام پر 7 کروڑ 40 لاکھ سے زائد لائکس ملے تھے۔



