پاک فوج کا عالمی سطح پر اعزاز، کیمبرین پٹرول 2026 میں سلور میڈل جیت لیا

لاہور (ویب ڈیسک) پاک فوج کی ٹیم نے برطانیہ میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی فوجی مقابلے کیمبرین پٹرول 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلور میڈل حاصل کر لیا۔
کیمبرین پٹرول مشق 2 سے 13 اکتوبر تک برطانیہ کے علاقے ویلز میں منعقد ہوئی، جس میں 36 ممالک کی 140 ٹیموں نے حصہ لیا۔ پاکستان کی نمائندگی پاک فوج کی 59 پنجاب رجمنٹ نے کی، جس کی ٹیم میں ایک افسر اور سات سپاہی شامل تھے۔
پاکستانی فوجی دستے نے مشکل اور سخت مراحل پر مشتمل اس بین الاقوامی مقابلے میں نمایاں کارکردگی دکھائی اور سلور میڈل اپنے نام کیا۔
اس کامیابی کے اعزاز میں لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر کی جانب سے پاک فوج کی میڈل جیتنے والی ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ بھی دیا گیا۔
واضح رہے کہ کیمبرین پٹرول کو دنیا کے مشکل ترین بین الاقوامی فوجی گشت کے مقابلوں میں شمار کیا جاتا ہے، جس میں شریک ٹیموں کی جسمانی صلاحیت، برداشت، پیشہ ورانہ مہارت اور مشکل حالات میں کام کرنے کی صلاحیت کا امتحان لیا جاتا ہے۔



