روس میں جاپانی صحافی گرفتار، وزیراعظم سانائے تاکائیچی نے جاسوسی کا الزام مستردکردیا

ٹوکیو (جانو ڈاٹ پی کے) جاپانی وزیراعظم سانائے تاکائیچی نے روس میں ایک جاپانی صحافی کی گرفتاری کے بعد ماسکو کے جاسوسی سے متعلق الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاپان روسی سرزمین پر جاسوسی کی سرگرمیوں میں ملوث نہیں۔سانائے تاکائیچی نے کہا کہ ایسا کوئی واقعہ نہیں ہوا اور اس وقت جاپانی حکومت کی اولین ترجیح گرفتار شہری کی حفاظت یقینی بنانا ہے۔روسی سکیورٹی ادارے ایف ایس بی کے مطابق جاپانی اخبار ہوکائیڈو شمبن سے وابستہ صحافی یوکی ایمائی نے روس کی دفاعی صلاحیتوں سے متعلق معلومات جمع کیں اور انہیں جاپانی انٹیلی جنس اداروں تک پہنچانے کی کوشش کی۔

روسی حکام کا کہنا ہے کہ صحافی کو مشرقی علاقے سخالین میں اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ روس سے روانہ ہونے کی تیاری کر رہے تھے۔ بعد ازاں انہیں ماسکو منتقل کردیا گیا، جہاں ایک عدالت نے تقریباً دو ماہ تک حراست میں رکھنے کا حکم دیا۔

جاپانی حکومت کے مطابق اسے تاحال گرفتار صحافی سے براہِ راست رابطے کا موقع نہیں ملا۔ ٹوکیو نے روسی سفیر کو طلب کرکے گرفتاری پر احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ صحافی کے ساتھ منصفانہ اور غیر جانب دارانہ سلوک کیا جائے۔

جاپان نے روس سے قونصلر ملاقات کی اجازت بھی طلب کی ہے تاکہ گرفتار صحافی کی صحت اور موجودہ صورتحال کی تصدیق کی جاسکے۔ اس معاملے پر دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطے جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button