ریاض میں یورپی یونین اور خلیج تعاون کونسل کا سربراہی اجلاس ملتوی، نئی تاریخ کا اعلان بعد میں ہوگا

ریاض (جانو ڈاٹ پی کے)یورپی یونین اور خلیج تعاون کونسل کے درمیان 24 اکتوبر کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والا سربراہی اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے، جبکہ اجلاس کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق یورپی کونسل نے اپنے بیان میں اجلاس ملتوی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی تاریخ مناسب وقت پر بتائی جائے گی۔ تاہم بیان میں اجلاس ملتوی کرنے کی کوئی واضح وجہ نہیں بتائی گئی۔

اس سے قبل جمعرات کو برسلز میں یورپی رہنماؤں کے اجلاس کے موقع پر بلغاریہ کے وزیراعظم رومن رادیف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریاض میں ہونے والا سربراہی اجلاس ملتوی کر دیا جائے گا۔ ان کے مطابق اس فیصلے کے پیچھے ممکنہ طور پر سیکیورٹی خدشات ہو سکتے ہیں۔

رپورٹس میں سعودی عرب پر حوثیوں کے مسلسل حملوں اور پروازوں کی منسوخی کو بھی اجلاس ملتوی ہونے کی ممکنہ وجوہات میں شمار کیا جا رہا ہے، تاہم یورپی کونسل نے ان اطلاعات کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔

سربراہی اجلاس میں یورپی یونین اور خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے رہنماؤں کو دوطرفہ تعلقات، سیاسی و اقتصادی تعاون، تجارت اور توانائی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔

مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورت حال اور علاقائی سلامتی کے مسائل کے تناظر میں دونوں خطوں کے درمیان یہ ملاقات اہم سمجھی جا رہی تھی۔ تاہم اجلاس ملتوی کرنے کی حتمی وجہ اور نئی تاریخ کے بارے میں تاحال باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔

مزید خبریں

Back to top button