محمود عباس کا انتخابی شیڈول تبدیل،فلسطینیوں کو ووٹ کے لیے مزید انتظار کرنا ہوگا

مقبوضۃ بیت المقدس(جانوڈاٹ  پی کے)فلسطینی صدر محمود عباس نے 28 نومبر 2026 کو ہونے والے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات ملتوی کرتے ہوئے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کے لیے 11 ستمبر 2027 کی نئی تاریخ مقرر کردی ہے۔فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق صدر محمود عباس نے نئے حکم نامے کے ذریعے دونوں انتخابات ایک ہی دن کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے قبل قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 28 نومبر 2026 کو منعقد ہونا تھے۔رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ فلسطین لبریشن آرگنائزیشن (پی ایل او) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے فیصلے اور مختلف فلسطینی سیاسی جماعتوں اور دھڑوں سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔ مشاورت کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ موجودہ حالات میں مقررہ وقت پر انتخابات کا انعقاد متعدد مشکلات کا شکار ہے۔فلسطینی سیاسی قیادت اور مختلف گروپوں کا مؤقف ہے کہ اسرائیلی اقدامات انتخابات کے انعقاد میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ ان کے مطابق آزادانہ، منصفانہ اور تمام طبقات کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے سازگار سیاسی، سکیورٹی اور زمینی حالات ضروری ہیں۔نئے شیڈول کے تحت فلسطین میں صدارتی اور قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 11 ستمبر 2027 کو ایک ساتھ منعقد کیے جائیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button