نواب بہاولپور فیملی کے گھر چوری کا سراغ مل گیا، 6 ملزمان گرفتار

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) تھانہ مارگلہ پولیس نے سیکٹر ایف ایٹ تھری میں نواب بہاولپور فیملی کے گھر سے قیمتی نوادرات اور دیگر اشیا چوری کرنے کی واردات کا سراغ لگا کر 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے جدید ٹیکنالوجی، سیف سٹی کیمروں اور انسانی ذرائع سے مدد لی گئی۔ کارروائی کے دوران پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے تقریباً 70 سے 80 فیصد مال مسروقہ برآمد کرلیا۔
پولیس کے مطابق گھر سے تقریباً 2 کروڑ روپے مالیت کے قیمتی نوادرات چوری کیے گئے تھے، جن میں چاندی کی تخت نما کرسی، چاندی کی سیڑھیاں، چاندی کے پیالے، سونے کی پلیٹیں اور مختلف تاریخی مجسمے شامل ہیں۔
چوری ہونے والی اشیا میں ریاست بہاولپور کے نشان والی سونے کی اشیا، ریاستی نشان والا تاریخی چاندی کا فریم، پرانی بندوقیں اور تلواریں بھی شامل تھیں۔
ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا کے مطابق مزید مال مسروقہ کی برآمدگی اور واردات میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے شواہد کی بنیاد پر چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
اسلام آباد پولیس نے شہریوں کو قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔



