جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس،عمران خان کو آئندہ سماعت پرپیش کرنےکاحکم

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
اے ٹی سی اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے بانی پی ٹی آئی اور دیگر ملزمان کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے حکم دیا کہ عمران خان کو جسمانی طور پر یا ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا جائے۔
عدالت نے سابق وفاقی وزراء فرخ حبیب، حماد اظہر، مراد سعید اور شبلی فراز کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی جائیدادوں کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔
عدالت نے سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم اور پی ٹی آئی ایم پی اے حسن خان نیازی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیئے۔
اے ٹی سی نے کیس کی مزید سماعت 5 نومبر تک ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ تھانہ رمنا میں درج ہے۔



