1550کنٹینرز کاروزانہ کرایہ4کروڑ65لاکھ روپے،لانگ مارچ نے خزانے پربوجھ بڑھادیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد میں احتجاج اور لانگ مارچ 4 اکتوبر تک مؤخر کیے جانے کے باوجود وفاقی دارالحکومت میں کنٹینرز اور اضافی سیکیورٹی انتظامات برقرار ہیں، جس کے باعث قومی خزانے پر اخراجات بڑھنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں سیکیورٹی انتظامات کے لیے 1550 کنٹینرز رکھے گئے ہیں، جن کا یومیہ کرایہ تقریباً 4 کروڑ 65 لاکھ روپے بنتا ہے۔ ایک ہفتے کے لیے کنٹینرز کا کرایہ 32 کروڑ 55 لاکھ روپے جبکہ دو ہفتوں کا خرچ 65 کروڑ 10 لاکھ روپے تک پہنچ سکتا ہے۔
اسلام آباد پولیس نے احتجاج سے نمٹنے کے لیے ابتدائی طور پر 82 کروڑ روپے کے اخراجات کی درخواست کی تھی، جس میں کنٹینرز، پولیس اہلکاروں کی رہائش، خوراک اور دیگر انتظامات شامل تھے۔ احتجاج کی تاریخ آگے بڑھنے کے باعث مجموعی سیکیورٹی اخراجات ایک ارب روپے سے تجاوز کرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی انتظامات کے تحت پنجاب سے 16 ہزار جبکہ سندھ سے 2 ہزار پولیس اہلکار طلب کیے گئے تھے۔ ڈان کے مطابق سندھ سے آنے والے اہلکاروں کے لیے تین وقت کے کھانے کا یومیہ خرچ تقریباً 12 لاکھ روپے اور دو ہفتوں کا خرچ 1 کروڑ 68 لاکھ روپے بنتا ہے، جبکہ پنجاب پولیس کے 16 ہزار اہلکاروں کے کھانے کا تخمینہ یومیہ 96 لاکھ روپے اور ایک ہفتے کے لیے 6 کروڑ 72 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔
پولیس کی نقل و حرکت کے لیے 70 کوسٹرز اور 30 ڈبل کیبن گاڑیاں بھی حاصل کی گئی ہیں۔ 70 کوسٹرز کا یومیہ کرایہ تقریباً 10 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ 30 ڈبل کیبن گاڑیوں کا یومیہ کرایہ 3 لاکھ روپے بتایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پولیس افسران کی رہائش کے لیے مختلف ہوٹلوں میں کمرے بھی بک کیے گئے ہیں، جبکہ احتجاج مؤخر ہونے کی صورت میں کنٹینرز، رہائش، خوراک اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں مزید اضافہ متوقع ہے۔



